(15 اگست 2025) ناروے کے اخبار Dagens Naeringsliv نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نوبل انعام کیلیے وزیر خزانہ جینز اسٹولٹنبرگ کو فون کیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے معاملے پر ناروے کے وزیر خزانہ جینز اسٹولٹنبرگ کو فون کیا تو ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے نوبل انعام چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیل سمیت متعدد ممالک ڈونلڈ ٹرمپ کو امن معاہدے یا جنگ بندی کروانے کیلیے نوبل انعام کا حقدار سمجھتے ہیں اور انہوں نے امریکی صدر کو اس کیلیے نامزد بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ ختم کروائی، نوبل انعام ملنا چاہیے، وائٹ ہاؤس
اخبار نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیا کہ جب امریکی صدر نے فون کال کی تو جینز اسٹولٹنبرگ سڑک پر چہل قدمی کر رہے تھے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نوبل انعام اور ٹیرف پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
جب روئٹرز نے ناروے کے وزیر خزانہ سے جینز اسٹولٹنبرگ اس حوالے سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ فون کے دوران ٹیرف اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا تھا، میں گفتگو کے بارے میں مزید تفصیل میں نہیں جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے کئی اہلکار بشمول امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر بھی اس فون کال میں شامل تھے۔
وائٹ ہاؤس اور ناروے کی نوبل کمیٹی نے اس حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
واضح رہے کہ ہر سال سینکڑوں امیدواروں کا انتخاب ناروے کی نوبل کمیٹی کرتی ہے جس کے پانچ اراکین کا تقرر ناروے کی پارلیمنٹ 19ویں صدی کے سویڈش صنعت کار الفریڈ نوبل کی مرضی کے مطابق کرتی ہے۔