امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ کے اگلے 3 ہفتوں میں فیصلہ کن اختتام کی پیشگوئی کر دی۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ 2 سے 3 ہفتے میں غزہ جنگ کا واضح اور فیصلہ کن اختتام ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی جنگ ختم ہونی چاہیے بھوک سے بھی بدتر مسائل ہیں، موت ہے لوگ مارے جا رہے ہیں، غزہ جنگ ختم ہونا ضروری ہے لوگ زندہ جل رہے ہیں۔
امریکی صدر نے آج غزہ کے نصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے صحافیوں کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال پر حملے سے متعلق نہیں جانتا لیکن اس پر خوش نہیں ہوں، میں یہ سب نہیں دیکھنا چاہتا اس بھیانک خواب کو ختم کرنا ہو گا، ہم نے7 جنگیں رکوائی ہیں۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے غزہ کے نصر اسپتال پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کو خوفناک قرار دیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ نصر اسپتال پر اسرائیلی حملے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا، عام شہریوں اور طبی عملے اور صحافیوں کا تحفظ لازمی ہے۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔