ٹرمپ کو پیوٹن سے ملاقات میں یورپ کے سیکیورٹی مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا، جرمن چانسلر

جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیوٹن سے ملاقات میں یورپ کے سیکیورٹی مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا۔

امریکی و یوکرینی صدور اور یورپی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی، جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے واضح کیا کہ یورپی اور یوکرینی سیکیورٹی مفادات کا احترام ضروری ہے، ٹرمپ کے ساتھ ویڈیو کال میں یورپی رہنماؤں نے مؤقف واضح کیا۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ جنگ کے حل میں پہلا قدم جنگ بندی ہونا چاہیے، روسی قبضے کو قانونی طور پر تسلیم کرنے کا کوئی موضوع نہیں ہے۔

فریڈرک مرز کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین مذاکرات پر آمادہ ہے مگر روسی قبضہ قانونی طور پر تسلیم نہیں ہوگا، سرحدیں طاقت کے زور پر تبدیل کرنے کا اصول نہیں ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ یوکرین کیلئے مضبوط سیکیورٹی ضمانتیں مذاکرات کا حصہ ہونی چاہئیں، یوکرینی فوج کو مؤثر دفاع اور طویل المدتی مغربی امداد حاصل رہنی چاہیے۔

جرمن چانسلر فریڈرک مرز کا مزید کہنا تھا کہ الاسکا میں پیشرفت نہ ہوئی تو روس پر دباؤ بڑھانا ہوگا، ٹرمپ مؤقف سے بخوبی آگاہ ہیں اور اسے بڑے پیمانے پر شیئر کرتے ہیں۔

دریں اثنا امریکی وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات میں پیوٹن کو سخت پابندیوں کی دھمکی دے سکتے ہیں، ٹرمپ روس پر مزید پابندیاں یا ثانوی ٹیرف لگا سکتے ہیں، امریکی وزیرخزانہ نے یورپی ممالک پر بھی روس کیخلاف پابندیاں لگانے پر زور دیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/trump-and-putin-summit/