ٹرمپ نے جوہری معاہدے پر مذاکرات کیلیے ایرانی سپریم لیڈر کو خط لکھ دیا

ٹرمپ نے جوہری معاہدے پر مذاکرات کیلیے ایران کے سپریم لیڈر کو خط لکھ دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کیلیے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو خط لکھ دیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس بزنس نیٹ ورک کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور اس کی اعلیٰ قیادت کو خط بھیجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے مذاکرات ہونے جا رہے ہیں کیونکہ یہ ایران کے مفاد کیلیے بہتر ہے، میرے خیال میں وہ خود بھی خط حاصل کرنا چاہتے ہیں، دوسرا متبادل یہ ہے کہ ہمیں کچھ کرنا ہوگا کیونکہ ایک اور جوہری ہتھیار نہیں بننے دے سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نئے تباہ کن ہتھیار منظرِ عام پر لے آیا

امریکی صدر کے تبصرے پر ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ وائٹ ہاؤس نے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران سے نمٹنے کے دو طریقے ہیں؛ ایک فوجی طور پر یا دوسرا کوئی معاہدہ کر لیں، میں معاہدہ کرنے کو ترجیح دوں گا کیونکہ میں ایران کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتا وہ عظیم لوگ ہیں۔

انہوں نے 2018 میں بطور امریکی صدر ایران کے جوہری معاہدے سے دستبرداری اختیار کی تھی جو کہ تہران کو جوہری ہتھیاروں کی تعمیر سے روکنے کیلیے کثیر القومی معاہدہ تھا۔

تاہم انہوں نے فروری میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو اس کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکے۔