بیجنگ: امریکا اور چین کے صدور ٹرمپ اور شی جن پنگ کی اکتوبر میں ملاقات متوقع ہے۔
روئٹرز کے مطابق ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے اتوار کو متعدد ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 30 اکتوبر سے 1 نومبر کے درمیان ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ میں جانے سے قبل چین کا دورہ کر سکتے ہیں، یا وہ جنوبی کوریا میں سمٹ کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقات 11 جولائی کو ملائیشیا میں ہوئی تھی، جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ملاقات کی تھی، جسے دونوں نے ’مثبت اور تعمیری‘ قرار دیا تھا۔
دونوں ممالک ایک دوسرے پر عائد کی گئی بڑھتی ہوئی محصولات کی جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس نے عالمی تجارت اور سپلائی چینز کو شدید متاثر کیا ہے۔
ٹرمپ نے یو اے ای میں پھنسے افغان شہریوں کی مدد کا اعلان کر دیا
واضح رہے کہ ٹرمپ نے تقریباً تمام غیر ملکی اشیا کے لیے امریکی درآمد کنندگان پر ٹیرف عائد کیا ہے، اور ان کا کہنا تھا کہ اس سے ملکی مینوفیکچرنگ کو فروغ ملے گا، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکیوں کے لیے متعدد اشیائے خوردونوش بہت زیادہ مہنگی ہو جائیں گی۔
امریکی صدر نے تمام ممالک سے درآمد شدہ اشیا پر 10 فی صد کی شرح سے یونیورسل بَیس ٹیرف عائد کیا، تاہم چین جیسے امریکا کی آنکھوں میں کھٹکنے والے ممالک پر زیادہ ٹیرف عائد کیا گیا جو 55 فی صد ہے۔
ٹرمپ نے امریکا اور چین کے لیے کسی پائیدار ٹیرف معاہدے تک پہنچنے کے لیے 12 اگست کی ڈیڈلائن مقرر کی ہے۔