راولپنڈی : پاکستان کا ایک اور دشمن دہشت گرد کمانڈر سربکف مہمند پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ،اطلاعات کے مطابق سربکف کو مفتی نور ولی محسود گروپ نے زہر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا ایک اور دشمن دہشتگرد کمانڈر سربکف مہمند جہنم واصل ہوگیا ، دہشت گرد کمانڈر سربکف مہمند کی موت پراسرار حالات میں ہوئی۔
دہشت گردتنظیموں کےاندرونی اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں اور قوی امکان ہےکہ سربکف کی موت بھی اسی سلسلےکی کڑی ہے۔
سوشل میڈیاپرسربکف کو زہر دینے کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں ، کچھ عرصہ سے سربکف خود کو نور ولی محسود کا نعم البدل ظاہرکر رہا تھا، اطلاعات کے مطابق سربکف کو مفتی نور ولی محسود گروپ نے زہر دیا۔
کالعدم جماعت الحرارکچھ عرصہ قبل ٹی ٹی پی میں ضم ہو گئی تھی اور اطلاعات کے مطابق دونوں گروپوں میں اختلافات رہتے تھے
سربکف پشاورپولیس لائنز حملہ سمیت متعدد کارروائیوں کاماسٹر مائنڈ تھا جبکہ ہلاک دہشت گرد نے فوجی تنصیبات پر حملوں کیلئے ایک سیاسی جماعت کی حمایت کی تھی اور فوجی تنصیبات پر ان حملوں کو ٹی ٹی پی کے مؤقف کی تائید کہا تھا۔
کچھ عرصہ قبل جماعت الاحرار کے ہلاک کمانڈر عبدالولی کی بھی یہی خبر ہے کہ اسےنور ولی محسود نے مرایا تھا۔
مختلف محاذوں پر ناکامی نے بھی دہشت گردوں میں تنظیمی اختلافات پیدا کردیئے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنیوالےاداروں کی کامیابی کی وجہ بروقت انٹیلی جنس بشمول عوامی پذیرائی ہے، اس کے نتیجے میں ہونے والے کامیاب آپریشنز نے دہشتگردوں پر زمین تنگ کر دی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ عوامی سپورٹ سے جلد ہی دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔
یاد رہے چند روز قبل سیکیورٹی فورسز پرحملوں میں ملوث بی ایل ایف کمانڈر نواز علی رندایک ہمسایہ ملک میں پراسرارحالات میں مارا گیا تھا ، عسکریت پسند نواز علی رند کا تعلق آواران سے تھا اور وہ دوہزار چودہ سے کالعدم بی ایل ایف کا سرکردہ رکن تھا۔