کراچی : پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ مجھے اداکاری کا مشورہ میک اپ آرٹسٹ نے دیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کی مشہور ڈرامہ سیریل ’بےبی باجی‘ میں فرحت کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ طوبیٰ انور نے گزشتہ روز پروگرام دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی سے متعلق بہت سی باتیں ناظرین سے شیئر کیں۔
طوبیٰ انور نے پروگرام کے سیگمنٹ ’’پردہ اٹھا دیں‘‘میں میزبان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر میں سب سے چھوٹی ہیں اس لیے مجھے بہت لاڈ پیار ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کھانا بنانے کا کوئی تجربہ نہیں کیونکہ تعلیم کے بعد میں جلد ہی کام میں مصروف تھی اور جب سے ملازمت شروع کی ہے کھانا وغیرہ سیکھنے کا ٹائم ہی نہیں ملتا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں شوٹنگ کیلئے میں نے جب پہلی بار آڈیشن دیا تھا تو میں مطمئن نہیں تھی کہ میں نے اچھی اداکاری کی ہوگی لیکن گھر آکر میں نے اس بات کی ٹینشن ہی نہیں لی۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘میں سینئر اداکارہ ثمینہ احمد، سعود قاسمی، جویریہ سعود، حسن احمد، سنیتا مارشل، جنید جمشید نیازی، سیدہ طوبیٰ انور، فائزہ خان، فضل حسین، عینا آصف ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
شائقین کے دلوں کو چھولینے والے مقبول پاکستانی ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘کی کہانی منصور احمد خان نے تحریر کی جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض تحسین خان نے انجام دیے تھے۔