شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ اداکار بھی انسان ہیں کوئی پنچنگ بیگ نہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پل دو پل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ طوبیٰ انور نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں سوشل میڈیا ٹرولنگ پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملین میں ہمارے فالوورز ہوتے ہیں لوگ آپ کو دیکھ رہے ہوتے ہیں اور بعض اوقات ایسے کمنٹس کیے جاتے ہیں کہ جسے ہم پڑھ بھی نہیں سکتے، لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں فرق نہیں پڑ رہا لیکن فرق سب کو پڑتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایسی چیزیں اپنے بارے میں پڑھیں جو بہت ناگوار گزریں، آپ ایسے کیسے کسی کے بارے میں لکھ سکتے ہیں؟
یہ پڑھیں: جیون ساتھی کے انتخاب میں باہمی احترام کو ترجیح دوں گی، طوبیٰ انور
طوبیٰ انور نے کہا کہ ہم بالکل پبلک فگر ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کا جو دل چاہے گا آکر بول دو گے، ہم اس پر ردعمل بھی نہیں دے سکتے اگر کوئی جواب دیں گے تو یہ کہا جائے گا کہ بدتمیزی کررہے ہیں۔
اداکارہ کے اس جواب پر آغا علی بھی متفق نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹرولنگ کرتے ہیں وہ یاد رکھیں کہ ایک دن اللہ کو منہ بھی دکھانا ہے تو اپنے الفاظ کا خیال رکھیں۔