انقرہ: ترک صدر اور عوام نے کرونا وائرس سے نبرد آزما ڈاکٹروں کو شاندار طریقے سے خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔
ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان اُن کی اہلیہ اور شہری اپنے گھروں کی بالکونیوں میں کھڑے ہوئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ترک صدر، خاتون اول اور پوری قوم نے رات دس بجتے ہی بالکونیوں میں کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور ڈاکٹروں سمیت تمام طبی عملے کی حوصلہ افزائی کی۔
مزید پڑھیں: ’ایک ماہ میں 10 لاکھ کرونا کٹس تیار کرسکتے ہیں‘
یاد رہے کہ ترکی میں اب تک کرونا وائرس کی وجہ سے 9 افراد موت کے منہ میں جاچکے جن میں سے بیشتر زیادہ عمر کے تھے جبکہ اب تک 670 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ترک وزیر صحت فخر الدین کوجا کا کہنا ہے کہ تین ہزار 656 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ابھی تک 311 کی رپورٹس آئیں جو مثبت تھیں۔
ترک صدر رجب طیب ایردوان، کرونا وائرس کے مقابلے میں جدوجہد کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حوصلہ افرائی اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے- آج رات 10 بجے پورے ترکی میں عوام نے اپنے گھروں کی بالکونیوں سے حوصلہ افرائی کی- pic.twitter.com/xezC2MXdNb
— RTEUrdu (@RTEUrdu) March 20, 2020
ترکی میں حکومت کی جانب سے تاحال لاک ڈاؤن نہیں کیا گیا البتہ رجب طیب اردوان نے گزشتہ ہفتے خطاب کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی تھی کہ وہ قرنطینہ میں چلے جائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔