کراچی : ترکش ایئرلائن کی تھائی لینڈ جانیوالی پرواز کو نشے میں دھت مسافر کی ہلڑ بازی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق استنبول سے تھائی لینڈ جانیوالی ترکش ایئرلائن کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔
ترکش ایئرلائن استنبول سے تھائی لینڈ کیلئے روانہ ہوئی تھی کہ دوران پرواز نشے میں دھت مسافر نے غل غپاڑہ کیا ، مسافروں کی شکایت پر فضائی میزبان نے کپتان کوصورتحال سے آگاہ کیا۔
جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا اور کپتان کی شکایت پر سیکیورٹی ادارے نے مسافرکو حراست میں لیکرآف لوڈ کردیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم مسافر کے الکحل کا ٹیسٹ کرے گی۔
دوسری جانب ترجمان سی اے اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ مسافر طیارہ کراچی ایئرپورٹ اترا مگر یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نےنشہ میں دھت مسافر کےغل غپاڑہ کرنےپر کراچی لینڈکیا، جہاز مسافرکو آف لوڈ کرنے کے بعد تھائی لینڈ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگیا۔
ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ مسافر کو ترکیہ ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔