آرمی چیف سے ترکیہ کے وزیرخارجہ کی ملاقات

ترک وزیرخارجہ

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر سے ترک وزیرخارجہ نے ملاقات میں تاریخی ،ثقافتی،مذہبی رشتوں پرقائم گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہکان فدان کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں جانب سےتاریخی،ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر قائم گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ نے خطےمیں امن و استحکام برقرار رکھنےمیں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

خیال رہے گذشتہ روز ترکیہ کے وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پراسلام آباد پہنچے ، اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ احمدنسیم وڑائچ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ وزیر اعظم شہبازشریف سے ملاقات کریں گے جبکہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارسے بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔

دورے کے دوران پاک ترک وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کاجائزہ لیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح ملاقاتوں کی تیاریوں کاجائزہ لیاجائے گا۔