ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

روبو ڈاگ ترکیہ

انقرہ (02 اگست 2025): ترکیہ نے لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ایک جدید خود کار روبو ڈاگ متعارف کروا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک دفاعی کمپنی راکٹسان نے جدید آٹونومس روبو ڈاگ ’کوز‘ (Koz) متعارف کرایا ہے جو منی میزائلوں سے لیس ہے، اور یہ روبوٹ نہ صرف ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے بلکہ خودکار طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کا پہلا روبوٹک کتا ہے جو گائیڈڈ میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے، جسے ترکی کی معروف دفاعی صنعت کار Roketsan نے تیار کیا ہے۔ استنبول میں حال ہی میں ہونے والے ایک بین الاقوامی دفاعی نمائش میں اسے پیش کیا گیا تھا۔

روبو ڈاگ کو خاص طور پر مشکل اور ناہموار علاقوں میں مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کوز میں راکٹسان کے تیار کردہ 4 عدد لیزر گائیڈڈ میٹے میزائل نصب ہیں، جب کہ اس پر ایک الیکٹرو آپٹیکل نظام بھی موجود ہے، جو اسے جاسوسی اور حملے، دونوں قسم کے مشنز کے لیے مؤثر بناتا ہے۔


چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں


مشکل راستوں پر بہ آسانی چلنے کی صلاحیت، خودکار اور ریموٹ کنٹرول موڈ کے درمیان تبدیلی کی سہولت اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہونے کی وجہ سے ’کوز‘ کو جدید جنگی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترکی کی یہ دفاعی اختراع جدید جنگ کے معیارات میں ایک انقلابی تبدیلی کا اشارہ کر رہی ہے، جو بغیر پائلٹ چلتی ہے اور انسانی جانیں بچانے کے لیے ہدف پر بالکل درست حملے کرتی ہے۔

استنبول کی توپ کاپی یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل Cihat Yayci نے کوز کو جدید جنگی کارروائیوں کے لیے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا، اور کہا یہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے انقلابی ایجاد نہیں ہے بلکہ اس لیے ہے کہ اس سے انسانی زندگی پر بڑا اثر پڑے گا۔

انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا روبوٹس کا مقصد خطرناک کاموں میں انسانوں کی جگہ لینا ہے، اور کوز کی وجہ سے ہم کسی ایک فوجی کی بھی جان کو خطرے میں ڈالے بغیر غاروں، عمارتوں اور اسنائپر سے متاثرہ شہری علاقوں کو صاف کر سکتے ہیں۔