بھارت میں پچ سکھانے کے لیے ہیر ڈرائیر کا استعمال، سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا

گوہاٹی: بھارتی شہر گوہاٹی کے اسٹیڈیم میں پچ سکھانے کے لیے ہیر ڈرائیر کا استعمال کیا گیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکا کا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہوگیا، گوہاٹی میں دن بھر کی بارش رات گئے تک جاری رہی، گراؤنڈ انتظامیہ کی جانب سے پچ سکھانے کے لیے ہیر ڈرائیر اور استری کا استعمال کیا گیا۔

ہیر ڈرائیر استعمال کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آکاش نامی صارف نے لکھا کہ گوہاٹی کے اسٹیڈیم میں ویکیوم کلینر، ہئر ڈرائیر، آئرن، عام آدمی کے گھر سے آنے والی ہر چیر پچ کو خشک کرنے کے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔

انشو دیپک نامی صارف نے ٹویٹر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تصویر شیئر کی اور اپنے پیغام میں کہا کہ انوشکا بھابھی والا ہیر ڈائیر لے کر سکھاؤ پچ کو۔

بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ رد ہونے کے بعد اب دونوں‌ ٹیمیں اندور روانہ ہوں گی جہاں دوسرا میچ 7 جنوری کو کھیلا جائے گا۔