میٹا نے صارفین کے مطالبے پر تھریڈز ایپ میں ٹوئٹر کی طرز کا فیچر متعارف کروادیا۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ تھریڈز میں فالوونگ فیڈ کے فیچر کو متعارف کروایا جارہا ہے اس فیڈ میں صرف ان افراد کی پوسٹس نظر آئیں گی جن کو صارف فالو کررہے ہوں گے۔
تھریڈز میں دو فیڈز فار یو اور فالوونگ نظر آئیں گی، فار یو فیڈ میں الگورتھم سسٹم صارف کی ممکنہ دلچسپیوں کو دیکھتے ہوئے وہی مواد دکھانے کا کام کرے گا۔
تاہم صارفین فاریو اور فالوونگ فیڈز کو تھریڈز آئیکون پر کلک کرکے چھپا بھی سکتے ہیں۔
آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کی تھریڈز ایپ میں یہ اضافہ بتدریج کیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ مزید چند فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
تھریڈز میں ٹرانسلیشنز فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جس کے ذریعے مختلف زبانوں کی پوسٹس کا ترجمہ دیکھنا ممکن ہوگا۔
خیال رہے کہ تھریڈز کو 5 جولائی کو متعارف کرایا گیا تھا اور 5 دن میں اس کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔