کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی سے 6 روز پرانی 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی 6 نمبر قبرستان سے 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں خالی قبر کے اندر سے ملی ہیں اور 6 روز پرانی ہیں۔
پولیس کے مطابق تعفن اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی، لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا دعا چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، مقتول کی شناخت کامران ولد حنیف کے نام سے ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر عدنان عرف ملا گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان دکان میں ڈکیتی کے لیے آئے تھے، شہریوں کے اکٹھا ہونے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کامران نامی شہری ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 3 ملزمان موٹر سائیکل پر اور ایک ملزم پیدل فرار ہوگیا، جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل اور 30 بور کا ایک خول بھی ملا ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں بس اور کار میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت حسن اور ہمایوں کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں میں بابر، بشر اور فیاض شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کا تعلق کورنگی کوارٹر سے تھا، حادثے کا شکار افراد سی ویو جارہے تھے کہ ان کی کار بس کی زد میں آگئی۔