میچ کے دوران اوور نہ دینے پر گولیاں چل گئیں، 2 بھائی جاں بحق

کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے کے ایک اور واقعے نے 2 جانیں لے لیں۔

افسوسناک واقعہ گجرات میں پیش آیا جہاں میچ میں بالنگ اوور نہ دینے پر جھگڑا شروع ہوا جو اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ گولیاں چل گئیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا، مقتول بھائیوں کی شناخت فاخر اور طاہر کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی اظہر کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گاؤں مہسم میں میچ کےدوران اوور نہ دینے پر غلام غوث نے فائرنگ کی تھی اور پولیس نے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

گزشتہ اتوار 17 اگست کو کراچی میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے میں ایک اور نوجوان جان گنوا بیٹھا تھا۔

پولیس کے مطابق کرکٹ میچ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

یکم اگست کو مبینہ ٹاؤن میں عبدالرزاق کا 2 بھائیوں سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد بھائیوں نے گھر کے سامنے بیٹھے عبدالرزاق پر فائرنگ کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 20 سالہ عبدالرزاق کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیرعلاج رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملا۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے بھائی عدنان اور عثمان مفرور ہیں جنہیں پکڑنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔