ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی تبدیلی کا امکان ہے، ریڈ بال کرکٹ کو دو درجنوں میں کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈویژں ون اور ڈویژں ٹو میں چھ چھ ٹیمیں شاامل کرنے کی تجویز ہے، آئی سی سی نے ٹو ڈویژن کرکٹ لیگ کے لیے ورکنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
ورکنگ گروپ اس سال کے آخر تک آئی سی سی کو رپورٹ پیش کرے گا، ٹاپ چھ اور نچلی چھ ٹیمیں علیحدہ علیحدہ ڈویژن میں کھیلیں گی۔
تجاویز منظور ہونے کی صورت میں 2027 کے سائیکل میں اس کو نافذ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب اگلے تین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کی میزبانی بھی انگلینڈ کو دے دی گئی ہے۔
آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں کرکٹ گورننگ باڈی نے یہ فیصلہ انگلینڈ کی جانب سے ڈبلیو ٹی سی فائنلز کے پچھلے ایڈیشنز کی کامیاب میزبانی کی روشنی میں کیا ہے۔
انگلینڈ اس سے قبل 2021 کے افتتاحی ایڈیشن کے ساتھ ساتھ 2023 اور رواں برس 2025 ایڈیشن کی میزبانی کر چکا ہے۔
سال 2021 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن کا فائنل دی روز باؤل ساؤتھمپٹن میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا اور چیمپئن کا اعزاز کیویز نے حاصل کیا۔
سال 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل اوول، لندن میں کھیلا گیا۔ بھارت نے مسلسل دوسری بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، لیکن چیمپئن بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ آسٹریلیا نیا ٹیسٹ چیمپئن بنا۔
رواں برس 2025 میں لارڈز کے میدان میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو ہرا کر جنوبی افریقہ نے پہلی بار ٹیسٹ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ خود پر سے چوکر کا لیبل بھی ہٹا دیا۔
ڈبلیو ٹی سی فائنل کے علاوہ، ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 انگلینڈ میں کھیلا جائے گا، جس کا فائنل 5 جولائی کو مشہور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ٹمور اور زیمبیا کو آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ رکنیت بھی دی گئی، جس کے بعد آئی سی سی کے ممبران کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔