مشرقی یورپی ملک مالدووا میں ایئرپورٹ پر فائرنگ کے بعد فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا۔
حکام کے مطابق مالدووا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک 43 سالہ تاجک شخص نے فائرنگ کرکے دو سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور ایک شہری کو زخمی کر دیا۔
پولیس نے کہا کہ مشتبہ حملہ آور خود بھی زخمی ہوا اور اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد چیسیناؤ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں مختصر طور پر گراؤنڈ کر دی گئیں۔
ہفتے کے روز، تاجکستان کے جنرل پراسیکیوٹر کے دفتر نے حملہ آور کا نام رستم اشوروف بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک "منظم مجرمانہ گروہ” کا رکن تھا جس نے 23 جون کو ملک کے دارالحکومت دوشنبہ میں ایک تاجک بینک کے ڈپٹی چیئرمین کو اغوا کیا۔
پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ مجرمانہ تفتیش شروع ہونے کے بعد، دوشنبہ کا رہائشی اشوروف ترکی کے راستے مالڈووا فرار ہو گیا تھا۔
مالڈووا کے دارالحکومت میں چیسیناؤ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد اسے ملک میں داخلے سے منع کر دیا گیا تو اس نے گارڈ کی ہتھیار چھین کر فائرنگ کر دی۔
مالڈووا کے قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل، آئن مونتیانو نے کہا کہ اشوروف کو شدید چوٹیں آئیں اور اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ استغاثہ اس واقعے کی ممکنہ "دہشت گردانہ حملے” کے طور پر تحقیقات کر رہے ہیں۔