پنجاب کی تحصیل تاندلیانوالا کے صدر ملسم لیگ (ن) چوہدری اشفاق اور رہنما سکندر جتوئی استحکام پاکستان (آئی پی پی) میں شامل ہوگئے۔
سابق رکن قومی اسبملی ہمایوں اختر نے پارٹی میں شامل ہونے والے مقامی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی شمولیت سے علاقے کی ترقی میں مل کر کام کرنے کا موقع ملے گا۔
سابق صدر (ن) لیگ اشفاق گجر نے کہا کہ علاقے کی پسماندگی اور محرومیوں کے خاتمے کیلیے یہ قدم اٹھایا، (ن) لیگ میں ایم این اے اور ایم پی اے کی عزت ہے لیکن ورکرز کا کوئی مقام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا مرنا جینا ہمایوں اختر خان کے ساتھ ہے۔
ہمایوں اختر نے کہا کہ 76 سال سے یہ حلقہ بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، ہمارے بزنس سے ملک کو اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے، پاکستان اور حلقہ کی سیاست میں ووٹرز کو نیا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ 35 سالہ سیاست کے بعد باقی سیاست مقامی لوگوں کی فلاح پر صرف کرنی ہے، میرے والد نے ملک کیلیے شہادت کا جام پیا، تاندلیانوالا کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔
ہمایوں اختر نے 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے علیحدگی اختیار کر کے آئی پی پی شمولیت اختیار کی تھی۔ ہمایوں اختر عام انتخابات میں این اے 97 تاندلیانوالہ سے حصہ لیں گے۔