بھارت میں شیر خوار بچے کو جرمن شیفرڈ نے بھنبھوڑ ڈالا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہدرہ کے وشواس نگر میں گھر کے باہر دو جرمن شیفرڈز کے حملے میں دو سالہ بچہ زخمی ہوگیا، پولیس نے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکے کی ماں اسے لے کر سڑک پر چلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جب گھر سے کتا نکلتا ہے اور بچے ہر حملہ کردیتا ہے جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر جاتا ہے۔
خاتون کو بچے کو کتے سے بچانے کے لیے جدوجہد کرتے دیکھا جاسکتا ہے لیکن کتے نے خاتون کے پیر پر بھی کاٹ لیا، ایک شخص ان کو بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن کتا حملہ جاری رکھتا ہے۔
چند منٹ گزرنے کے بعد مالک مداخلت کرتا ہے اور کتے کو قابو کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن دوسرا کتا لڑکے کی طرف بھاگتا ہوا اس پر حملہ کردیتا ہے پھر مالک اسے بھی گھر کے اندر لے جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سریندر چوہدری کا کہنا ہے کہ خاندان سے رابطہ کرنے پر بچے کے والد تنوج نے بتایا کہ بیوی اور بیٹا مندر سے واپس آرہے تھے جب پڑوسی نے مبینہ طور پر گیٹ کھولا تو اس کے پالتو کتے باہر بھاگے اور حملہ کردیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔