دو کم عمر کوہ پیماؤں نے 6400 میٹر بلند چوٹی سر کرکے عالمی ریکارڈ بنا لیا، اعزاز پاک فوج کے نام

دو کم عمر کوہ پیما بچے 8 سالہ ارحان اور 12 سالہ دانش سدپارہ نے 6400 میٹر بلند چوٹی سر کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور اعزاز پاک فوج کے نام کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے دو کم عمر کوہ پیما بچوں 8 سالہ ارحان عباس اور 12 سالہ دانش سد پارہ نے شگر میں 6400 میٹر بلند کوہسار گنگا چوٹی کو سر کرکے عالمی ریکارڈ بنا لیا اور وہاں پاک فوج کے حق میں بینرز لگا کر فوج کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔

پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کرنے والے ان کم سن کوہ پیماؤں نے اپنی کامیابی اور اعزاز کو پاک فوج کے جوانوں اور شہدا کے نام کر دیا۔

8 سالہ ارحان عباس نے کہا کہ جب وہ چوٹی سر کرنے جا رہے تھے تو ان کی والدہ پریشان تھیں اور ان کا خیال تھا کہ میں شاید یہ نہ کرسکوں لیکن میں نے ان سے کہا ماما آپ ٹینشن نہ لیں۔

ڈر، پریشانی سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ارحان نے کہا کہ ڈر تو لگتا ہے اتنی بلندی ہوتی ہے لیکن برداشت کرنا پڑتا ہے اور جب کوئی مشن ہو تو اس کو تو مکمل کرنا پڑتا ہے، مشکلات بھی آتی ہیں جیسا کہ سانس رکنا، سردی لگنا، رسی ٹوٹنے کا خدشہ لیکن سب کا حوصلے سے سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ارحان نے مزید کہا کہ میرے یہ چوٹی سر کرنے پر میری فیملی اور دوست بہت خوش ہیں مجھے بہت سارے تحائف بھی ملے اب میرا آئندہ سال اس سے بلند چوٹی سر کرنے کا ارادہ ہے۔ مجھے پاک فوج سے محبت ہے اسی لیے میں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

 

ارحان کے ساتھ یہ چوٹی سر کرنے والے 12 سالہ دانش سد پارہ دنیا کی دنیا کی 5 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے قومی ہیرو صادق سد پارہ کے صاحبزادے ہیں جو اپنے والد کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔

دانش نے اپنا یہ اعزاز پاک فوج کے نام کرتے ہوئے کہا کہ میں پاک فوج کے جوانوں اور شہدا کے نام پہ چوٹی سر کی ہے۔ میں پاک فوج اور اُن سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دینے میں میری مدد کی۔