انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے میگا ایونٹ کا میزبان ملائیشیا ہے۔

آئی سی سی نے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جو 18 جنوری سے 2 فروری تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا اور بھارتی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

جونیئر میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں چار گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ کی تین ٹاپ ٹیمیں سپر 6 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ اے میں بھارت، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور ملائیشیا، گروپ بی میں پاکستان، انگلینڈ، آئر لینڈ اور امریکا، گروپ سی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افریقا کوالیفائر اور سماؤ جبکہ گروپ ڈی میں آسٹریلیا، بنگلا دیش، ایشیا کوالیفائر اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

سپر 6 میں پہنچنے والی 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔

گروپ اے اور ڈی کی ٹاپ 3، 3 ٹیمیں گروپ 1 جب کہ گروپ بی اور سی کی ٹاپ 3، 3 ٹیمیں گروپ 2 میں شامل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 31 جنوری جب کہ فائنل 2 فروری کو کھیلا جائے گا۔