انڈر19 ورلڈکپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں آئرلینڈ کو شکست دیدی

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے سپرسکس مرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر پوچیفسٹروم میں کھیلے جانے والے سپر سکس کے اہم مقابلے میں احمد حسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے کامیابی اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے 182 رنز کا ہدف 38 گیندیں قبل حاصل کیا

احمد حسن نے میچ وننگ نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 57 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے بھی شامل تھے۔

ہارون ارشد اور کپتان سعد بیگ 25، 25 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے ہیری ڈائیر نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آئرش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے49 ویں اوور میں 181 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ جان میکنلی 53 اور ہیری ڈائیر 31 رنز بنا کرنمایاں رہے۔

ایک مرحلے پر آئرلینڈ کی 6 وکٹیں صرف 63 رنز پرگرچکی تھیں تاہم لوئر آرڈر بیٹرز نے آخری 4 وکٹوں پر 118 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر عبید شاہ نے شانداربولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا، عامر حسن اور احمد حسن نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کے آگے درج کرائیں۔