پاکستان کو یواےای سے 1ارب ڈالر مل گئے

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دوست ملک یواےای نے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرخزانہ نے اعلان کیا کہ یواےای نے تھوڑی دیر پہلے ایک ارب ڈالر بھیجے ہیں جس کے بعد دو دن میں ہمارے خزانے میں 3ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے وزیراعظم کے دورے پر ڈپازٹ کا وعدہ کیا تھا جو آج پورا ہو گیا جس پر پاکستان کےعوام کی جانب سے یواےای کی قیادت کا مشکور ہوں، متحدہ عرب امارات نے عملی طورپر دوستی کا ثبوت دیا ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر ادا کی ہیں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہر آنے والا دن بہتر ہو گا اسٹیٹ بینک کےذخائر3ارب ڈالرمزید بڑھ گئےہیں۔

اسحاق ڈار نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو کہتے تھے ملک ڈیفالٹ ہوگا ان کی خواہش پوری نہیں ہوئی پاکستان اپنے نقصانات ریکور کر رہا ہے ترقی کی جانب جارہا ہے ملک کوڈیفالٹ کرانے کی قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اورآرمی چیف کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دوست ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت کابھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جمعہ کے روز اسٹیٹ بینک زرمبادلہ کےباضابطہ اعلان کرے گا جولائی کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 14ارب ڈالرتک پہنچائیں گے نوازشریف کے دور میں قائداعظم کے خواب پر عمل درآمد ہو گا۔