لندن: گلوبل وارمنگ کے باعث یورپ کی طرح برطانیہ بھی شدید گرم موسم کا سامنا کر رہا ہے، پیر کا دن ملک میں سال کا گرم ترین دن رہا۔
بی بی سی کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ روز (پیر) سال کا گرم ترین دن رہا، میٹ آفس کے مطابق کیمبرج میں درجہ حرارت 34.8 (95F) ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔
محکمہ موسیات نے بلیو وارننگ جاری کرتے ہوئے لندن سمیت کئی علاقوں میں آئندہ چند روز موسم گرم رہنے کی پیش گوئی ہے۔ زیادہ درجہ حرارت وسطی اور جنوبی برطانیہ تک محدود ہے جہاں لاکھوں لوگوں کے لیے یلو ہیٹ ہیلتھ الرٹ جاری کیا گیا۔
برطانیہ کے دوسرے علاقوں میں دن کی شروعات بارش سے ہوئی، اور مزید شمال میں موسلادھار بارش برسی، اور وہاں یلو طوفان کی وارننگ دی گئی تھی جو اب ختم کر دی گئی ہے۔
ماہرین نے پہلے ہی پیر کے دن کے لیے شدید گرمی کی پیشگوئی کی تھی، پیر کو دوپہر تک دارالحکومت میں درجہ حرارت پہلے ہی 30C سے تجاوز کر چکا تھا، اور کئی دیگر سائٹس پر درجہ حرارت 32C سے بڑھ گیا تھا، لندن کے کچھ حصے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت مسلسل بڑھنے کے سبب سخت چیلنجز درپیش ہیں۔ گلوبل وارمنگ سے زمین خطرناک نشان کے قریب پہنچ رہی ہے، اس گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں قدرتی ماحول میں بڑی تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق یورپ میں پچھلے برس گرمی سے 47 ہزار اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔