لاہور : برطانیہ میں فیک نیوزپراحتجاج اورہنگاموں کے واقعات پر پولیس نے لاہور سے فرحان آصف کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں فیک نیوز پر احتجاج اور ہنگاموں کے واقعے پر لاہور سےایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ ڈیفنس سے فرحان آصف کوحراست میں لےلیاگیا،ان پربرطانیہ میں3بچیوں کےقاتل کی شناخت کی فیک نیوز دینے کا الزام ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ فرحان پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کیلئےکام کرتا ہے تاہم گرفتار شخص کو تفتیش کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔
خیال رہے برطانیہ کے شمال مغربی علاقے ساؤتھ پورٹ کے ایک ڈانس اسکول میں تین کمسن بچیوں کی ہلاکت کے بعد ملک کے متعدد شہروں میں پرتشدد مظاہروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
29 جولائی کو باقاعدہ سوشل میڈیا پر متنازع خبریں پھیلائی گئیں کہ حملہ کرنے والا مسلمان شخص تھا جو سیاسی پناہ کا متلاشی تھا، اور سال 2023 میں کشتی کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ پہنچا تھا۔
اس جھوٹی خبر کے وائرل ہونے کے بعد برطانیہ میں امیگریشن اور مسلم مخالف پرتشدد مظاہروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔