برطانیہ نے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز ناکام ہونے کی صورت میں اسرائیل کے خلاف مزید کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے غزہ میں انسانی بحران کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فلسطینی سرزمین میں جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ عمل میں نہیں آیا تو برطانیہ اسرائیل کے خلاف مزید کارروائی کر سکتا ہے۔
منگل کو پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے، لیمی نے غزہ میں امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ گروپ کے ذریعے غزہ میں امداد کی تقسیم کے نئے طریقہ کار پر بھی تنقید کی۔
لیمی نے کہا کہ ہم بہت واضح ہیں کہ ہم اس امدادی فاؤنڈیشن کی حمایت نہیں کرتے جو قائم کی گئی ہے یہ اچھا کام نہیں کر رہا، بہت سارے لوگ بھوک سے مرنے کے قریب ہیں بہت سارے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ہم نے عالمی سطح پر اس نظام کی مذمت کی ہے جو قائم کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتوں کے دوران جی ایچ ایف کی مدد کے حصول کے دوران سینکڑوں فلسطینی اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہو چکے ہیں۔
ایک قانون ساز کے پوچھے جانے پر کہ کیا برطانوی حکومت غزہ میں "ناقابل برداشت” صورت حال جاری رہنے کی صورت میں اسرائیل کے خلاف اقدامات کرے گی، لیمی نے کہا: "ہاں، ہم کریں گے۔”
گزشتہ ماہ، برطانیہ نے آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور ناروے کے ساتھ مل کر اسرائیلی حکومت کے وزراء Itamar Ben-Gvir اور Bezalel Smotrich کو مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی برادریوں کے خلاف تشدد بھڑکانے پر پابندیاں عائد کیں۔