ویڈیو: خاتون نے ریسٹورنٹ میں مفت کھانا کھانے کیلیے انوکھی حرکت کر ڈالی

خاتون کی ریسٹورنٹ میں مفت کھانا کھانے کیلیے انوکھی حرکت وائرل

خاتون نے ریسٹورنٹ میں شوہر کے ساتھ مفت کھانا کھانے کیلیے کی گئی انوکھی حرکت سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

دنیا بھر میں ریسٹورنٹ صارف کو فراہم کیے گئے کھانے میں بال یا کوئی اور ناپسندیدہ چیز نکل آنے کی صورت میں معافی کے طور پر مفت کھانا دیتے ہیں۔

برطانیہ کے ایک ریسٹورنٹ میں خاتون اور اس کے شوہر نے کھانا کھایا اور بل کی ادائیگی سے بچنے کا راستہ اخیتار کیا لیکن ناکامی ان کی مقدر بنی۔

خاتون نے کھانا کھانے کے بعد یہاں وہاں دیکھا اور اپنے سر کا بال توڑ کر اس میں ملا دیا تاکہ وہ شکایت کر سکیں، لیکن وہ اس بات سے لاعلم رہیں کہ کیمرے کی آنکھ ان کی حرکت کو ریکارڈ کر رہی تھی۔

جب خاتون نے شکایت کی تو اسٹاف نے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز کا جائزہ لیا جس میں صارف کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔

ریسٹورنٹ کے فیس بک پیچ پر مذکورہ فوٹیج کو شیئر کرتے ہوئے مالک نے لکھا کہ یہ وہ حرکت ہے جو ہم میں سے کوئی پسند نہیں کرتا، لیکن ان جیسے لوگوں کی وجہ سے یہ صنعت کافی مشکل میں ہے جو کھانا خراب کرنے کے بعد ہم سے رقم واپس لیتے ہیں۔

فیس بک پوسٹ میں لکھا گیا کہ امید ہے مذکورہ فوٹیج کی مدد سے ہماری صنعت کو تحفظ ملے گا، فوٹیج میں بالکل واضح ہے کہ خاتون اپنا بال توڑ کر کھانے میں ملا رہی ہے تاکہ وہ ہم سے رقم وصول کر سکے۔

ریسٹورنٹ کے مالک نے کہا کہ میں بہت مایوس ہوں کیونکہ کسی صارف کو اس طرح کی حرکت کرتے نہیں دیکھا، ایسے بہت سے لوگ ہیں جو تھوڑے سے کھانے کیلیے کاروبار اور اس میں کام کرنے والے اسٹاف کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ اگر یہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہ آتی تو ہمارا کاروبار تباہ ہو جاتا۔