یوکرین کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، روس نے اقوام متحدہ کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس نے اقوام متحدہ کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

روئٹرز کے مطابق روس نے ہفتے کے روز یوکرین پر کُرسک کے علاقے میں ایک جوہری پلانٹ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا ہے۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروا نے کہا کہ یوکرین نے کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری شروع کر دی ہے، روس کی پارلیمنٹ ڈوما نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ یوکرینی فوج کو روس کے علاقے کُرسک میں ایٹمی پاور پلانٹ پر حملے سے باز رکھے، یوکرین نے اگر کارروائی کی تو یورپ بڑے پیمانے پر تباہی سے دوچار ہوگا۔

واضح رہے کہ سرحدی علاقے کُرسک میں یوکرین اور روسی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے، صدر وولودیمیر زیلینسکی کا کہنا ہے کرسک میں ان کی پوزیشن مستحکم ہو رہی ہے، آرمی چیف نے بتایا کہ کرسک میں پیش قدمی جاری ہے، اور روس کے متعدد فوجیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

روس میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

کیف نے روسی الزام کو ’’پاگل پن‘‘ پر مبنی پروپیگنڈا قرار دے کر اس کی تردید کر دی ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کیف کا نہ کوئی ایسا ارادہ ہے نہ ایسی صلاحیت۔ ڈرٹی بم کا استعمال ہو یا نیو کلیئر پلانٹ پر حملہ، یہ بس پاگل روسی پروپیگنڈا ہے۔ ادھر روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کرسک پاور پلانٹ پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا، یہ پاور پلانٹ تاحال روس کے کنٹرول میں ہے۔