روسی حملہ: یوکرین کا فضائی حدود بند کرنے کا اعلان

کیف: روس کی جانب سے حملے کے بعد یوکرین نے دفاعی انتظامات شروع کردئیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کیلئے فضائی حدود بند کردی ہے اورایئرپورٹ کو بند کردیا ہے۔

یوکرین سول ایوی ایشن ( سی اے اے) نے فضائی حدود بندش کا نوٹم جاری کردیا ہے، نوٹم کے مطابق فضائی حدود ممکنہ روسی حملے کے پیش نظر بند کی گئی ہے۔

ادھر مختلف عالمی ایئر لائنز نے بھی روس اور یوکرین کی پروازیں منسوخ کردیں ہیں۔

یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹس میں وارننگ دی گئی ہے کہ طیارے یوکرین کی فضائی حدود سے گریز کریں اور بیلاروس اور روس کی سرحدوں کے 100 ناٹیکل میل دور رہیں۔

واضح رہے کہ روسی صدر پیوتن نے آج یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی مدد کے لیے فوجی آپریشن کرنے کا اعلان کیا تھا، روسی صدر کے اعلان کے بعد مشرقی یوکرین کےعلاقے ماریوپول میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: روسی صدر نے یوکرین میں فوجی کارروائی کا اعلان کردیا

میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے بلیک سی پورٹ وڈیسا میں بم دھماکوں سے لرز اٹھا ہے جبکہ کرماتو رسک میں فضائی حملےاور دھماکوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

ادھر صدر پیوٹن نے خبردار کیا کہ کسی نے روس کی فوجی کارروائی میں مداخلت کی کوشش کی تو اس کے اس نتائج اتنے سنگین ہوں گے جوپہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھے ہوں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنے گا۔