مس جاپان بننے والی یوکرینی ماڈل کی پیدائش کو لے کر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا

ٹوکیو: مس جاپان کا ٹائٹل جیتنے والی یوکرینی ماڈل کیرولائنا شینو کی پیدائش کو لے کر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین میں پیدا ہونے والی 26 سالہ ماڈل کیرولائنا شینو نے پیر کو مِس جاپان 2024 کا تاج سر پر سجایا تو خاتون ماڈل کی پیدائش کو لے کر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ماڈل کیرولائنا شینو پیدائشی طور پر یوکرینی ہیں اور وہ جاپانیوں سے کوئی مماثلت نہیں رکھتیں، جاپان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ملک سے باہر پیدا ہونے والی کسی خاتون نے مس جاپان کا ٹائٹل جیتا۔

دوسری طرف ماڈل کیرولائنا شینو نے گزشتہ سال جاپانی شہریت ملنے پر کہا تھا کہ بے شک وہ جاپانی نہیں لگتی لیکن ان کا ذہن جاپانی بن گیا ہے، کیوں کہ وہ 5 سال کی عمر سے جاپان میں رہ رہی ہیں۔ کیرولائنا شینو کو 2022 میں جا کر قانونی طور پر جاپانی شہریت ملی۔

مس جاپان کا تاج سر پر سجانے کے بعد کیرولائنا رو پڑی، انھوں نے روانی کے ساتھ جاپانی زبان میں کہا ’’اگرچہ میں جاپانی ہوں، مجھے نسلی رکاوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے، ایسا وقت بھی آیا جب مجھے قبول نہیں کیا گیا، لیکن میں آج شکر گزار ہوں کہ مجھے جاپانی کے طور پر قبول کر لیا گیا ہے۔‘‘