بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد 2 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا: عاصم افتخار

بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد 2 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا: عاصم افتخار

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ بارہا مطالبات کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں لاپتا افراد کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جبری گمشدگیاں آٹھ دہائیوں پر محیط ہیں، جو مسئلہ کشمیر کی تلخ حقیقت ہے، لاپتا افراد صرف اعدادوشمار نہیں ہیں، یہ وہ والدین ہیں جو کبھی واپس نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نامعلوم اور بےشناخت قبریں سامنے آئیں، بھارتی فوج کشمیریوں کو اغوا کرکے قتل کرتی ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت اب تک 2000 سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرچکا ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ تنازعات کی روک تھام اور پرامن تصفیہ کیلئے مقبوضہ کشمیر میں تمام اجتماعی قبروں کی آزاد اور غیرجانبدار تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔

اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نےغزہ میں جاری انسانی سانحےکا بھی ذکر کیا انہوں نے کہا کہ مسلح تنازعات کس طرح لاپتا افراد اور ان کے خاندانوں پر تباہ کن اثرات ڈالتے ہیں۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ اکتوبر2023 سے اب تک 14,000 سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں، جن میں سے اکثر فلسطینی تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دفن ہیں۔