شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ہے لیکن سالمیت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، بھارت کی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

بعد ازاں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کنٹرول لائن اور پاکستانی حدود میں در اندازی کی گئی، عالمی سطح پر بہت بڑا واقعہ رونما ہوا ہے۔ بھارتی طیاروں نے 4 بم گرائے، شکر ہے جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کی کچھ دیر پہلے کال آئی، جنرل سیکریٹری سے اپنے گزشتہ اور حالیہ خط کا ذکر کیا، جنرل سیکریٹری نے تشویش کا اظہار کیا اور کردار ادا کرنے کا کہا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کو بتایا کہ بھارت اقوام متحدہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انتونیو گتریس نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے خطے کے عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دنیا نے دیکھ لیا بھارتی دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، بھارت کے 300 افراد کی ہلاکت کے دعوے کے برعکس ایک لاش نہیں ملی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز حکومت نے اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا، ہمیں پارلیمنٹ کی طرف سے بھی رہنمائی ملی ہے۔ بھارت نے یہ کارروائی سراسر سیاسی مصلحت کے تحت کی۔ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آج اہم اجلاس طلب کیا ہے۔