بچوں کی فرمائش پوری نہ ہونے پر بے روزگار باپ نے خود کو آگ لگالی

بے روزگار باپ

کراچی : بچوں کی ضرورت پوری نہ ہونے پر بے روزگار باپ نے خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی، غریب شخص اپنے بچوں کو روتا چھوڑ کر سول اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔

تفصیلات کے مطابق غربت نے ایک اور شخص کو موت کے منہ میں دھکیل دیا، ابراہیم حیدری کے رہائشی35 سالہ میر حسن سے گزشتہ روز اس کے بچوں نے سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کی فرمائش کی تھی۔

میرحسن اپنے بچوں کو گرم کپڑے تو نہ دلا سکا لیکن بے روزگار باپ نے گھر سے دور جاکر قبرستان کے قریب پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی۔

 خودکشی سے پہلے تین ماہ سے بے روزگار میر حسن نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں مدد کی اپیل بھی کی، اس کا کہنا تھا کہ میرے اہل خانہ کو گھر اور روزگار فراہم کیا جائے۔

جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے فوری طور پر آگ کو بجھانے کی کوشش کی مگر اس کا جسم بری طرح جھلس چکا تھا۔

بعد ازاں اسے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آج دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ متوفی میر حسن کا جسم 60فیصد جل چکا تھا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میرحسن کافی عرصے سے بےروزگارتھا جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔