اسلام آباد : ملکی تاریخ میں پہلی بار یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہورہا ہے، اس سلسلے میں وزیرِاعظم عمران خان آج کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یکساں نصاب تعلیم کا مقصد طبقاتی تقسیم ختم کرنے کے لیے ہے، معاشرتی اقدار، عملی زندگی اور پیشہ ورانہ تعلیم و ہنر نصاب کے اہم پہلو ہیں۔
یکساں نصاب تعلیم مثبت تنقیدی سوچ اورتخلیقی صلاحیتوں میں معاون ہوگا، یکساں نصابِ تعلیم طبقاتی فرق ختم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب میں وزیر اعظم بطورمہمان خصوصی شرکت کریں گے، وزیراعظم عمران خان تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ یکساں نظام تعلیم کا نفاذ ہورہا ہے، یکساں تعلیمی نصاب پرائیویٹ سکولوں میں بھی نافذہوگا۔
پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں اس کا نفاذ ہوچکا ہے، سندھ میں ابھی تک اس نصاب کا نفاذ نہیں ہوا، سندھ حکومت سے استدعا ہے کہ وہ بھی قومی نصاب کے نفاذ پرعمل کرے۔ یہ ایسا نصاب ہوگا جو تمام سکولز اور مدارس میں یکساں طور پر نافذ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یکساں تعلیمی نظام کے مقاصد محدود نہیں، یکساں تعلیمی نظام میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اور سیرت النبی کی بھی تعلیم دی جائےگی، دیگر مذاہب کے مطابق نصاب تیار کیا گیا ہے۔