رشوت خور افسر کو نوٹوں کا ہار پہنا کر انوکھا احتجاج، ویڈیو وائرل

بھارت جگتیال ضلع میں رشوت خور کو انوکھی سزا دی گئی، رشوت طلب کرنے پر لوگوں نے ایک عہدیدار کو نوٹوں کا ہار پہنا کر ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رشوت خور افسرکے ساتھ پیش آنے والا عجیب و غریب واقعہ تلنگانہ کے جگتیال ضلع کلکٹریٹ میں پیر کو پیش آیا۔

جگتیال ضلع کے میڈی پلی منڈل کے کلواکوٹ سے تعلق رکھنے والے مچھیرے سوسائٹی کے قیام کی اجازت کے لئے کئی دنوں سے محکمہ سمکیات کے عہدیدار دامودر کے دفتر کے چکر کاٹ رہے تھے۔

مذکورہ معاملے کو حل کرنے کے لئے رشوت خور عہدیدار کی جانب سے ان لوگوں سے 50 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔ جس پر برہم متاثرین نے کلکٹریٹ پہنچ کر ضلع کلکٹر سے شکایت کی۔

اس موقع پر جیسے ہی رشوت خور عہدیدار باہر آیا لوگوں نے اسے گھیر لیا اور ایک شخص کی جانب سے اسے نوٹوں کا ہار پہنانے کی کوشش کی گئی، اس واقعہ کی اطلاع پر ضلع کلکٹر نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔