سیالکوٹ : عالمی یوم امن کے موقع پر بھارتی جارحیت و بربریت جاری ہے ، بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے 6 معصوم شہری شہید جبکہ 26 افراد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں 6معصوم شہری شہید اور 26 زخمی ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ چاروا، ہڑپال ،چھپار سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، پاکستان رینجرز پنجاب کی جانب سے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی بندوقیں خاموش کرادی۔
Indian brutality on World Peace Day martyred 6 innocent Pakistanis, injured 26 along working boundary in Chappar/Harpal/Charwa Sector. pic.twitter.com/LNxHd64Kd3
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) September 22, 2017
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں 4خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں15خواتین اور 5بچے بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونیوالوں میں کندن پورکا رہائشی اشرف مسعود، گاؤں بہینی سلیریاں کی رہائشی مریم اشفاق، چاروا سیکٹر کے رہائشی وسیم انور، شکیلہ ندیم اور نفیسہ محمود گنڈیال کی رہائشی خاتون شازیہ احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب مسلسل بھارتی شیلنگ کے بعد سول اسپتال ،سی ایم ایچ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، ضلعی انتظامیہ نے سرحدی علاقوں میں متاثرین کیلئےامدادی کیمپ قائم کردیا جبکہ چوبارہ ورک دل والی اور پنڈی بھاگو میں بھی ریلیف کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔
صحت، لائیواسٹاک، ریونیو اور ریسکیو کا عملہ کیمپ میں موجود رہے گا، ریلیف کیمپس میں متاثرین کی رہائش کا بھی انتظام کیا گیا۔
علاقے میں خوف وہراس کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چاروا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار شہری شہید جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔