ممبئی: ماضی کی مقبول بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان ارمیلا ماٹونڈکر نے اپنے شوہر بزنس مین محسن اختر کے ساتھ 8 سالہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے جبکہ ارمیلا ماٹونڈکر اور محسن اختر کی طرف سے اس کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ اداکارہ و سیاستدان نے ممبئی کی عدالت میں طلاق کیلیے درخواست جمع کروا دی۔ اگرچہ علیحدگی کے پیچھے وجوہات سامنے نہیں آ سکیں مگر یہ تصویر کیا جا رہا ہے کہ یہ جوڑے کا باہمی فیصلہ نہیں ہے۔
ارمیلا نے ہندو انتہا پسندوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا
ذرائع نے بتایا کہ بہت غور کرنے کے بعد ارمیلا ماٹونڈکر نے محسن اختر کے ساتھ شادی ختم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اداکارہ و سیاستدان پہلے ہی عدالت میں طلاق کی درخواست جمع کروا چکی ہیں۔
ارمیلا ماٹونڈکر اور محسن اختر 2016 میں ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
جوڑے کی شادی میں فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا سمیت قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی تھی۔ 2019 میں ارمیلا ماٹونڈکر نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
2020 میں وہ کانگریس سے راہیں جدا کر کے شیو سینا میں شامل ہوئیں۔ مقبول بالی وڈ اداکارہ کو آخری بار اسکرین پر فلم ’بلیک میل‘ میں دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے بچوں کے ڈانس ریئلٹی شو میں بطور جج کا کردار بھی نبھایا۔