شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین نے ایک ہی کپڑے بار بار پہننے کا کہنے والے سوشل میڈیا صارف کو کرارا جواب دے دیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عروہ حسین نے چند تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے سیاہ رنگ کی کڑھائی کے ساتھ سفید رنگ کی شلوار قمیض اور دوپٹا زیب تن کیا ہوا ہے۔
اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ ’عروہ آپ یہ لباس کتنی دفعہ پہنیں گی؟‘
جس پر عروہ حسین نے جواب دیا کہ ’جتنی دفعہ میرا دل کرے گا اور جب تک یہ دوبارہ استعمال کے قابل ہیں اتنی دفعہ پہنتی رہوں گی، آپ کو بھی اپنے کپڑے دوبارہ استعمال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اس سے پیسوں کی بچت ہوتی ہے اور خاص طور پر فضول چیزوں میں وقت ضائع ہونے سے بچتا ہے۔‘
عروہ حسین نے صارف کو مشورہ دیا کہ بیوقوفانہ سوالات نہ پوچھنے کی کوشش کریں اور بُری عادتوں سے پرہیز کریں اس سے وقت کی بچت ہوگی۔