امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا اس دوران انہوں نے پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر کے دورہ پاکستان سے متعلق جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا ہے اس دوران انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جس میں ملٹری تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی اور انسداد دہشت گردی، ملٹری ٹراما، کومبیٹ کیئر اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
اعلامیے کے مطابق ان ملاقاتوں کا یو ایس سینٹرل کمانڈ اور افواج پاکستان کے درمیان عسکری تعاون کا فروغ اور مقصد خطے کی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ ملاقات میں ڈیزاسٹر ریلیف اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں پر بھی غور کیا گیا۔
جنرل مائیکل کوریلا نے پاکستان کے نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر اور پاکستان آرمی اسنائپر اسکول کے بھی دورے کیے۔ انہوں نے لائیو فائر اسالٹ اور اسنائپر رینج کا مشاہدہ کیا اور ہتھیاروں کا بھی معائنہ کیا۔
کمانڈر سینٹکام نے ڈی جی ملٹری ٹریننگ میجر جنرل اسد نواز، کمانڈر این سی ٹی سی بریگیڈیئر سلیمان خالد سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں پاکستان اوریو ایس سینٹکام کےانسداددہشت گردی کی مشترکہ تربیت کے امور پر بات چیت کی گئی اور پاک فوج کے ٹریننگ مینجمنٹ پراسیس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل مائیکل کوریلا نے کہا کہ وہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، لگن اور صلاحیت سے ہمیشہ بہت متاثر ہوئے۔ یو ایس سینٹکام ہمیشہ پاک امریکا تعلقات کو قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 75 سال سے چلی آ رہی اہم شراکت داری کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتا ہوں۔