اسرائیل کے دفاع کیلیے امریکا ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے دوٹوک کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ انھوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے فون پر بات کی جس میں انھوں نے "پورے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی قوت کی پوزیشن اور صلاحیتوں کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا۔

ایکس پر اپنے بیان میں آسٹن نے کہا کہ ہم نے غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں اور شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کی اہمیت، جنگ بندی کی طرف پیش رفت اور غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی، اور ایران، لبنانی حزب اللہ اور دیگر ایران کے ساتھ منسلک افراد کی جارحیت کو روکنے کے لیے کوششوں پر بھی بات کی۔

آسٹن نے پہلے ہی مشرق وسطیٰ کے لیے ایک گائیڈڈ میزائل آبدوز اور یو ایس ایس ابراہم لنکن طیارہ بردار بحری جہاز کے اسٹرائیک گروپ کو علاقے میں زیادہ تیزی سے روانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کو توقع ہے کہ اسرائیل پر ایران کا حملہ بڑے پیمانے کا ہوگا۔

الجزیرہ کے مطابق امریکی خبر رساں ادارے ایگزئیس نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ ایران سے ایک بڑے پیمانے پر حملے کی توقع کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یوو گیلنٹ نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے فون پر بات کرتے ہوئے انھیں بتایا کہ ایرانی فوجی تیاریوں سے پتا چلتا ہے کہ تہران اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملے کے لیے تیار ہو رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی انٹیلیجنس کمیونٹی کا تازہ ترین تجزیہ یہ ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر ایران کی طرف سے جوابی حملہ کیا جائے گا۔