امریکا: گریجویشن کی تقریب میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک متعدد زخمی

امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایک ہائی اسکول کی گریجویشن تقریب کے موقع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ کے پارک میں فائرنگ کا واقع پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رچمنڈ پارک میں ہائی اسکول کے فارغ التحصیل طلبا ور انکے اہلِ خانہ گریجویشن کے تقریب کے لیےاکھٹا ہوئے تھے کہ اس دوران اچانک گولیاں چلنے کے بعد افراتفری مچ گئی،  والدین اپنے بچوں کے ساتھ روتے چلاتے ہوئے ادھر ادھر بھاگتے رہے۔

 اسی بھگدڑ کی وجہ سے 12 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے،  پولیس نےموقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ایک 19 سالہ مشتبہ نوجوان کو حراست میں لے لیا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ نوجوان پر سیکنڈ ڈگری قتل کے دو الزامات عائد کیے جائیں گے۔