امریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو دہشتگرد قرار دے دیا

واشنگٹن(18 جولائی 2025): امریکا نے ٹی آر ایف گروپ کو دہشت گرد قرار دے دیا جس نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دی ریزسٹنس فرنٹ کو لشکر طیبہ کا "محاذ اور پراکسی” قرار دیا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کا یہ اسٹیٹس ٹرمپ انتظامیہ کے ہمارے قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور پہلگام حملے کے لئے صدر ٹرمپ کے انصاف کے مطالبے کو نافذ کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹی آرایف نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کی، پہلگام حملہ 2008 کے بعد بھارت میں سب سے مہلک حملہ تھا، ٹی آرایف نے بھارتی سیکیورٹی فورسز پر کئی حملوں کی ذمہ داری لی ہے۔

Pahalgam Attack and Aftermath

واضح رہے کہ اس گروپ کواقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد قرار دیا جاچکا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیےکیے گئے۔

واضح رہے کہ رواں سال 22 اپریل کو بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ ایک برس کے دوران کا بدترین حملہ ہے۔

بھارتنے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مسلح حملہ آوروں کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان نے بھارت الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حملے کی آزادانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا اور اس میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔