واشنگٹن: عالمی برادری کے جنگ بندی کے مطالبات کے باوجود امریکا اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہوگیا اور جنگ روکنے کی مخالفت کر دی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اردن میں عرب ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی موجود صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہماری توجہ حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کی رہائی پر مبذول ہے، ہم اس تنازع سے کوئی دوسرا محاذ نہ کھلے اس پر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا جنگ بندی نہیں چاہتا بلکہ اسرائیلی حملوں کی حمایت کرتا ہے، جنگ بندی ہوگی تو حماس دوبارہ منظم ہو جائے گی۔
پریس کانفرنس میں اردن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، اسرائیل کو عالمی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے، غزہ میں جنگ جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے خطہ نفرت کے سمندر میں ڈوب رہا ہے، اپنے دفاع کے نام پر فلسطینیوں کا قتل عام قبول نہیں کرتے، فلسطینیوں کے قتل عام کیلیے کوئی بھی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔