امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اب غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے ہمارا مقصد ان تنازعات کو سفارتی ذرائع سے کم کرنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اس حوالے سے وہ ایران کو مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی سے روکنے کے لیے خطے میں امریکی فوج کی طاقت کو مزید مضبوط کریں۔
اس سے قبل امریکی صدر نے حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کو اسرائیل کا منصفانہ اقدام قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ اسرائیل نے فضائی حملے میں نشانہ بنایا اور لگاتار درجنوں بم فضا سے اس مقام پر گرائے جہاں وہ موجود تھے۔
حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر کئی ملکوں نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسرائیلی جارحیت اور سیاسی قتل قرار دیا ہے۔ ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے جب کہ حماس نے کہا ہے کہ ان کی شہادت سے ہماری مزاحمت کو مزید تقویت ملے گی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتہ لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں میں اچانک دھماکوں کے باعث 40 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ ہزاروں زخمی ہوگئے تھے اور اس میں بھی اسرائیل کا ہاتھ بتایا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد اسرائیل نے لبنان میں ایک اور جنگ چھیڑتے ہوئے فضائی حملے شروع کر دیے جس میں اب تک سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل غزہ پٹی پر جاری اسرائیل کی وحشیانہ بربریت کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے۔ اس دوران 40 ہزار سے زائد فلسطینی جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے شہید ہوچکی ہے جب کہ اس سے کئی گنا افراد زخمی اور لاپتہ ہیں جب کہ غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔