شام پر بمباری، ٹرمپ انتظامیہ نے نیتن یاہو کو ’پاگل آدمی‘ قرار دیدا

ٹرمپ انتظامیہ نے نیتن یاہو کو ’پاگل آدمی‘ قرار دیدا

واشنگٹن(21 جولائی 2025): امریکا نے شام پر اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے بمباری کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں نے اس ہفتے شام پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد خطے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی "حرکات” پر اپنی بڑھتی ہوئی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے شام پر ان حملوں سے واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے متعدد عہدیداروں نے نیتن یاہو کو پاگل قرار دیا ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی صدر ٹیلی ویژن پر کسی ایسے ملک میں بم گرتے دیکھنا پسند نہیں کرتے جہاں وہ امن کی تلاش میں ہیں، انہوں نے شام میں تعمیر نو میں مدد کے لیے ایک اہم اعلان جاری کیا ہے۔ بات اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو نیتن یاہو اور ان کی ٹیم کو وارننگ دی ہے کہ انہیں اس حملے سے باز رہنا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کے متعدد ذرائع، جن میں 6 امریکی عہدیدار شامل ہیں، نے ایکسیوس ویب سائٹ سے بات کی اور کہا کہ شام میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود نیتن یاہو کی علاقائی پالیسیوں پر امریکا کی تشویش بڑھ رہی ہے۔ ایک عہدیدار نے نیتن یاہو کے طرز عمل کو ہر وقت ہر چیز پر بمباری کرنا قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اور اہلکار نے کہا کہ ہر روز کوئی نہ کوئی نیا ہنگامہ ہو جاتا ہے، وائٹ ہاؤس اس ‘ڈیلی ڈرامے’ سے تنگ آچکا ہے۔،غزہ میں ایک چرچ پر اسرائیلی بمباری کے بعد صدر ٹرمپ نے خود نیتن یاہو کو فون کر کے وضاحت طلب کی تھی، وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار نے نیتن یاہو کا موازنہ ایک ایسے بچے سے کیا جو کسی کی بات نہیں سنتا ہے اور اپنی من مانی کرتا ہے۔