طالبان افغان سرزمین کو دہشت گرد حملوں کیلئے لانچنگ پیڈ نہ بننے دیں، امریکا کا مطالبہ

واشنگٹن : امریکا نے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان افغان سرزمین کو دہشت گرد حملوں کیلئے لانچنگ پیڈ نہ بننے دیں اورکئے گئے وعدے پورا کریں۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے بیان سے واقف ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گرد حملوں سےنقصان اٹھایا ہے، پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

افغانستان کے حوالے سے نیڈ پرائس نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں ، طالبان دنیا سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کریں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم طالبان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو وعدے انہوں نے کئے تھے انہیں پورا کریں اور افغان سرزمین دوسرے ممالک کیلئے دہشت گرد حملوں کیلئے لانچنگ پیڈ نہ بنے دیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ طالبان وعدوں پر عمل کرنے کو تیار نہیں یا پھر عملدرآمد کرنے کے اہل نہیں۔