امریکا طالبان امن معاہدہ: اللہ نے پاکستان کو سرخروکر دیا، وزیر خارجہ

دوحا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو سرخرو کردیا، ہماری محنت رنگ لائی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے، اللہ نے آج کے دن پاکستان کو عزت دی ہے، آج پاکستان کو جس طرح سراہا گیا قابل دید ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کادن ممکن نہ تھا اگر پاکستان کردار ادا نہ کرتا، پاکستان کے لیے کردار ادا کرنا آسان نہیں تھا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا طالبان اور امریکا ایک میز پر بیٹھیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسی قوتیں ہیں جو نہیں چاہتی کہ یہ دن طلوع ہو، آج کے دن میں رخنہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، ہماری نیت اچھی تھی تو بات آگے بڑھتی گئی، آج 50 کے قریب ممالک کے درمیان پاکستان مرکزی کردار تھا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو سرخرو کر دیا، ہماری محنت رنگ لائی، آج پاکستان کی عزت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اب افغان آپس میں بیٹھیں اور مستقبل کا فیصلہ کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امن معاہدے کو بردباری سےآگے بڑھایا جائے تو نئے دور کا آغاز ہوگا، افغان کشمکش کا شکار ہوگئے تو یہ سنہری موقع ہاتھ سےنکل جائے گا۔