امریکی گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند شادی شدہ جوڑوں کے لئے اہم خبر

امریکا نے شادی شدہ جوڑوں کیلئے گرین کارڈ قوانین مزید سخت کر دیئے

واشنگٹن : امریکا نے شادی شدہ جوڑوں کیلئے گرین کارڈ قوانین مزید سخت کر دیئے، جس میں شادی کی تصویریں اور رشتے داروں کے حلف نامے لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی امیگریشن ادارے یو ایس سی آئی ایس (USCIS) نے نئی گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے شادی پر مبنی گرین کارڈ درخواستوں کی جانچ کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔

نئی پالیسی کو ‘فیملی بیسڈ امیگرنٹس’ سیکشن میں شامل کیا گیا ہے اور یہ یکم اگست سے نافذ العمل ہو چکی ہے۔ یہ تمام جاری اور آئندہ جمع کرائی جانے والی درخواستوں پر لاگو ہوگی۔

نئی ہدایات کے تحت اب درخواست گزاروں کو شادی کے مستند شواہد کے طور پر شادی کے بعد کی تصاویر، مشترکہ مالی حسابات (بینک اسٹیٹمنٹس، بلز وغیرہ) اور دوستوں یا رشتہ داروں کے حلف نامے لازمی طور پر جمع کرانا ہوں گے۔

یو ایس سی آئی ایس کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی جانچ میں اب امیگریشن ہسٹری، ماضی میں دی گئی درخواستوں اور کسی قسم کی مشکوک سرگرمی کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا اور مشتبہ معاملات میں تحقیقات یا ملک بدری کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

ادارہ نے مزید واضح کیا ہے کہ گرین کارڈ کی منظوری کے بعد بھی اگر کسی شخص کو قانونی طور پر امریکا میں رہنے کا اہل نہ پایا گیا تو اسے نوٹس ٹو اپیئر (Notice to Appear) جاری کیا جائے گا۔

جس کے تحت متعلقہ فرد کو امیگریشن عدالت میں پیش ہو کر اپنے قیام کا جواز دینا ہوگا، بصورت دیگر ملک بدری کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔