امریکا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس غزہ معاہدے کے حامی

امریکا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے غزہ معاہدے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

امریکی صدر بائیڈن اور جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

یہ تبصرے فرانس میں ڈی ڈے کی سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر آئے  ہیں۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ رہنماؤں نے صدر بائیڈن کی طرف سے بیان کردہ جامع معاہدے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا جو غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام مغویوں کی رہائی، انسانی امداد میں نمایاں اور پائیدار اضافہ اور بحران کے پائیدار خاتمے کا باعث بنے گا۔

امریکہ، ارجنٹائن، آسٹریا، برازیل، بلغاریہ، کینیڈا، کولمبیا، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سربیا، سپین، تھائی لینڈ اور برطانیہ کے رہنماؤں سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی طرف تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو اب میز پر ہے ۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ "اسرائیل معاہدے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے” اور حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے قبول کرے اور قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کرے۔

تجویز میں مستقل جنگ بندی کی طرف منتقلی سے پہلے مرحلے میں چھ ہفتے کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔